یونائیٹڈ کراچستان موومنٹ کی جانب سے،کراچی کے نئے نام، ”کراچستان“کی تجویز، کراچی کے عوام کیلئے تجویز اور مشورہ ہے۔ کراچی کے عوام کی مرضی ہے کہ مذکورہ تجویز اور مشورہ کو قبول کریں یا مسترد کریں۔ اس ضمن میں تحریری تنقید، مشورہ اور حمایت کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
یونائیٹڈ کراچستان موومنٹ کی تشکیل کا مقصد، از خودکراچی کی صوبہ سندھ سے علیحدگی یا کراچی صوبہ تحریک نہیں، بلکہ عوام کی ضرورت اور شعور کے مطابق بہتر مستقبل کیلئے، ایک غیر جانبدارانہ ریفرنڈم کا انعقاد ہے تاکہ کراچی کے مجبور، مظلوم اور پسماندہ عوام، بلا کسی تعصّب کے، دنیا کے دیگر باشندوں کی طرح، بہترین زندگی گذار سکیں۔ اس ضمن میں تحریری تنقید، مشورہ اور حمایت کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
یونائیٹڈ کراچستان موومنٹ کی تشکیل کا اصولی مقصد، منفی تنقید نہیں بلکہ مثبت اور تعمیری تنقید اور قابل عمل مشاورت کے ساتھ حکومت سندھ اور حکومت پاکستان کے ماتحت متعلقہ اداروں کے ساتھ باہمی تعاون سے، کراچی کے عوام کو درپیش مسائل اور مصائب کوپاکستان کے آئین و قانون اور اقوام متحدہ کے یونیورسل ڈیکلریشن آف ہیومن رائیٹس کے مطابق حل کرنا ہے تاکہ کراچی کے عوام کی زندگیوں میں جدید خوشگوار تبدیلیاں ممکن ہو سکیں۔
یونائیٹڈ کراچستان موومنٹ کراچی کی ازسرنو تعمیر اور وسعت کیلئے، سابقہ تعلقات اور تجربات کی روشنی میں،عالمی اداروں سے آئین اور قانون کے مطابق ممکنہ مالی اور مشاورتی تعاون حاصل کرے گی۔
یونائیٹڈ کراچستان موومنٹ، کراچی، پاکستان اور دین اسلام کیلئے حامی اور مخلص افراد کی مکمل حمایت کرے گی نیز، کراچی، پاکستان اور دین اسلام کو سیاسی، معاشی اور ذاتی طاقت، دولت اور حیثیت کیلئے استعمال کرنے والے ہر طاقتور کی سخت مخالفت کی جائے گی۔احیائے اصل دین اسلام کی مکمل اور بھرپور حمایت کی جائے گی۔
یونائیٹڈ کراچستان موومنٹ یقین رکھتی ہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اپنے منشوراور صلاحیتوں کے مطابق، کراچی سمیت پاکستان کے عوام کی بہتری، خوشحالی اور ترقی کیلئے جدوجہد کرتی رہی ہیں۔ عوام ان تمام سیاسی جماعتوں کی صلاحیتوں، کارکردگی اور جدو جہد سے بخوبی واقف ہیں۔ ہمارا مقصد، کسی بھی سیاسی جماعت کی مخالفت نہیں ہے اور ہم بھی تمام سیاسی جماعتوں سے اسی جذبہ کی مثبت امید اور توقع رکھتے ہیں۔
یونائیٹڈ کراچستان موومنٹ، تنظیم سازی کی تکمیل کے بعد، جنرل ممبران کی مشاورت سے،اگر ضروری سمجھا گیا تو، قانونی طور پر رجسٹریشن کے عمل کو مکمل کرے گی۔ تاہم، اگر عوام، جن کے مسائل کے حل کیلئے،یونائیٹڈ کراچستان موومنٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، نے ہی یونائیٹڈ کراچستان موومنٹ کے ساتھ ممکنہ ضروری تعاون نہیں کیا تو، یونائیٹڈ جنرل باڈی کے مشترکہ اجلاس میں،کل ممبران کی دو تہائی اکثریت کے فیصلے کے بعد، یونائیٹڈ کراچستان موومنٹ سمیت تمام ذیلی کونسلیں اور کمیٹیاں مستقل طور پر مکمل تحلیل کر دی جائیں گی اور تمام اثاثہ جات سپریم کورٹ آف پاکستان کے ذریعہ حکومت پاکستان کو منتقل کر دیے جائیں گے تاکہ غریب صحافی، غریب وکلا، یونائیٹڈ کراچستان موومنٹ کے مستحق ممبران سمیت، بیوہ اور یتیم مفادات فنڈز اور دفاع وطن فنڈز میں استعمال کئے جا سکیں نیزمذکورہ اثاثہ جات پر،داعی انصار عبدالقہاربشمول ان کے اہل خاندان، کا کوئی دعویٰ قطعی قابل قبول نہیں ہوگا۔ یہ فیصلہ حتمی اور ناقابل تنسیخ ہے۔
© United Krachistan Movement| All rights reserved.